۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح)

حوزہ/ مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رحمت اللہ علیہ) کی رحلت کی مناسبت سے ایران سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں مجلس ترحیم کا انعقاد۔ جس میں علماء و فضلاء کے ہمراہ عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی اور اس عالم مجاہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بروز بدھ مورخہ ١١ رمضان المبارک بمطابق ١٣ اپریل کو کشمیر کے ضلع بڈگام کے موضع خندہ میں وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رحمت اللہ علیہ) کی رحلت کی مناسبت سے ایک مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء و فضلاء کشمیر کے ہمراہ عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی اور اس عالم مجاہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مرحوم شیخ صاحب (ر) چند روز کی مختصر علالت کے بعد آٹھ رمضان المبارک کی سحر کے مبارک وقت پر داعی اجل کو لبیک کہہ کر اس دار فانی سے رحلت کر گئے تھے۔

مرحوم شیخ صاحب (ر) کی ولادت سن ١٩٣٨ عیسوی میں وادی کشمیر کے بڈگام ڈسٹرکٹ کے موضع خندہ میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کشمیر میں حاصل کی اور اس کے بعد علم دین سے فیضیاب ہونے کی خاطر اپنے وطن سے ہندوستان کی جانب ہجرت فرمائی اور شہر لکھنؤ میں سکونت اختیار کی۔ لکھنؤ میں مرحوم نے علم دین حاصل کرنے کے اپنے اس مقدس سفر کا آغاز مشہور تعلیمی ادارہ جامعۂ ناظمیہ سے فرمایا۔ انہوں نے شہر لکھنؤ میں اپنے اس مقدس سفر کے دوران کئی اہم علمی درجات کی اسناد حاصل کی جس میں دبیر ماہر، دبیر کامل، منشی کامل، فاضل ادب، فاضل تفسیر، ممتاز الافاضل وغیرہ سر فہرست ہیں۔ مرحوم نے شہر لکھنؤ میں اپنی اقامت کے دوران اورینٹل کالج میں علم فقہ کے مختلف موضوعات پر تحقیقی کام بھی انجام دیے۔

مرحوم شیخ صاحب (ر) لکھنؤ کے جامعۂ سلطان المدارس میں بھی زیر تعلیم رہے اور اسی مدرسہ میں مرحوم نے پیغمبر اکرم (ص) کا مقدس لباس زیبِ تن کیا۔ سلطان المدارس سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد علوم آل محمد علیہم السلام کی تکمیل کی غرض سے عراق تشریف لے گئے اور وہاں شہر مقدس نجف اشرف میں سکونت پذیر ہوئے اور حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں بیس سال کی طویل مدت تک مختلف علماء و فقہاء و مجتہدین و مراجع عظام تقلید کے نزدیک زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ ان کے اساتذہ میں مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم (طاب ثراہ) سر فہرست ہیں۔ ان کے علاوہ مرحوم شیخ صاحب (ر) نے دیگر کئی جید مراجع عظام کی شاگردی کا شرف بھی حاصل کیا جن میں مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید حسین طباطبائی بروجردی، مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد علی اراکی، مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید عبداللہ موسوی، مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید عبد الکریم موسوی کشمیری اور انقلاب اسلامی ایران کے رہبرِ کبیر مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خمینی (رضوان اللہ علیہم) شامل ہیں۔ انہوں نے ان بزرگ ہستیوں کے علاوہ دور حاضر کے جید مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ ناصر مکارم شیرازی (حفظہ اللہ) کے نزدیک بھی شاگردی کی سعادت حاصل کی۔ ان کو مرحوم حضرت آیت اللہ العظمیٰ اراکی، مرحوم آیت اللہ العظمیٰ سید عبداللہ موسوی، مرحوم آیت اللہ العظمیٰ سید عبد الکریم کشمیری (رضوان اللہ علیہم)، حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی (حفظہ اللہ) اور دیگر مراجع تقلید کی جانب سے اجازۂ نقل حدیث اور موجودہ کئی مراجع تقلید کی نمایندگی میں شرعی وجوہ کے اخذ و تقسیم کا اجازہ بھی حاصل تھا۔

اپنی بابرکت حیات کے بیس سال علوم آل محمد علیہم السلام کے حصول میں صرف کرنے کے بعد مرحوم شیخ صاحب (ر) نے مادر کشمیر کی آغوش میں واپس آنے کا ارادہ کیا اور نجف اشرف کی مقدس سرزمین کو خیرباد کہہ کر عازم کشمیر ہوئے۔ کشمیر واپس آنے کے بعد انہوں نے وادی کشمیر میں تبلیغی خدمات انجام دینے میں مصروف ہوئے اور سالہا سال تک کشمیر کے مسلمانوں کی شرعی اور سماجی مشکلات کے حل کی خاطر مرکز رجوع رہے۔ مرحوم شیخ صاحب (ر) کی منکسر المزاجی، سادہ زیستی اور اخلاقی شخصیت کی وجہ سے عوام کے دلوں میں ان کے لیے ایک خاص احترام اور محبت تھی اور وہ بھی عوام کی مشکلات کے حل کی خاطر کسی بھی ممکنہ کوشش سے دریغ نہیں کرتے تھے۔

مرحوم شیخ صاحب (ر) کی رحلت کی مناسبت سے جمہوری اسلامی ایران کے شہر مقدس قم اور شہر اراک کے قصبہ آشتیان میں بھی ان کے ایصال ثواب کے عنوان سے مجالس ترحیم منعقد کی گئیں جس میں ایران کے ممتاز قاریان قرآن نے تلاوت کلام مجید اور مشہور خطباء نے اپنے بصیرت افروز بیانات سے مومنین کو محظوظ فرمایا اور مجالس کے اختتام پر مرحوم شیخ صاحب (ر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے فرزند ارجمند جناب حجت الاسلام والمسلمین مولانا ہاشم علی میر صاحب کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کی جو اس وقت حوزۂ علمیہ قم میں زیر تعلیم ہیں۔

کشمیر

وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح) کے رسم چہارم کا انعقاد

وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح) کے رسم چہارم کا انعقاد

آشتیان

وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح) کے رسم چہارم کا انعقاد

قم

وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح) کے رسم چہارم کا انعقاد

وادی کشمیر کے مشہور و معروف عالم دین حجت الاسلام والمسلمین الحاج شیخ غلام حسین نجفی (رح) کے رسم چہارم کا انعقاد

تبصرہ ارسال

You are replying to: .